اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت کے قرضوں کے سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے، مرکزی حکومت کے قرضے ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 70 ہزار 362 ارب روپے پر پہنچ گئے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے اگست 2024 تک وفاقی حکومت کے قرضوں کا ڈیٹا ویب سائٹ پر جاری کر دیا۔
دستاویز کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں وفاقی حکومت کا قرض 1448 ارب روپے بڑھا، اگست کے ایک مہینے میں مرکزی حکومت کے قرضے میں 739 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ستمبر 2023 سے اگست 2024 کے ایک سال میں وفاقی حکومت کا قرضہ 6 ہزار 392 ارب روپے بڑھا، اگست 2024 تک وفاقی حکومت کے قرضوں کا حجم 70 ہزار 362 ارب روپے رہا۔
دستاویز کے مطابق اگست 2024 تک مرکزی حکومت کا مقامی قرضہ 48 ہزار 339 ارب روپے تھا، وفاقی حکومت کا بیرونی قرضہ اگست 2024 تک 22 ہزار 23 ارب روپے تھا۔