ریاض: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی جنرل اتھارٹی آف فارن ٹریڈ کے ڈپٹی گورنر عبدال عزیز السکران سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں تجارتی و سرمایہ کاری تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے ’’میڈ اِن پاکستان‘‘ نمائش اور بزنس فورم کے موقع پر اعلیٰ سعودی حکام سے خصوصی ملاقاتیں کیں جن میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔
عبدالعزیز السکران نے کامیاب تجارتی نمائش کے انعقاد پر وفاقی وزیر اور حکومت پاکستان کو مبارکباد پیش کی اور اس نمائش کو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
جام کمال کی سعودی چیمبرز آف فیڈریشن کے چیئرمین، حسن مجیب الہویضی سے بھی اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی شراکت داری اور تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر جام کمال خان نے سعودی چیمبر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے لئے مزید کاروباری و تجارتی سرگرمیاں (بزنس ٹو بزنس) منظم کی جانی چاہئیں تاکہ نجی شعبے کے سٹیک ہولڈرز کو ایک دوسرے کے قریب لایا جا سکے اور تجارتی مواقع کو مزید وسعت دی جا سکے۔