لاہور:(دنیا نیوز) ایئرپورٹ پر بیگ ٹیگ تبدیل کرکے بے گناہ خاندان کو پھنسانے والے ڈرگ گینگ کے 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ سعودی عرب میں گرفتار بے گناہ خاندان کو رہائی مل گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ کی خصوصی ہدایت پر اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) ٹیم کی کاوشوں سے خاندان کے 5 افراد واپس وطن آگئے۔
محسن نقوی نے منشیات کیس سے رہائی پانے والے بے گناہ خاندان کی رہائش گاہ پر خاندان کے افراد سے ملاقات کی، اس موقع ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل عبدالمعید بھی ان کے ہمراہ تھے۔
بعد ازاں متاثرہ خاندان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اے این ایف نے دن رات محنت کرکے انٹرنیشنل گینگ کا سراغ لگایا اور اصل ملزمان کو گرفتار کیا جب کہ سعودی عرب کی حکومت نے بھی بہت تعاون کیا جس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اے این ایف کی ٹیم کو خصوصی ایوارڈز دیں گے، ٹیم نے انتہائی محنت سے کیس لڑا، اس طرح کوئی اپنا بھی کیس نہیں لڑتا، ملک میں منشیات خاتمہ کرنے کے لیے اے این ایف کو وسائل فراہم کرنا ہوں گے۔
واضح رہے کہ لاہور کے علاقے مرغزار کالونی کی رہائشی فرحانہ اکرم 4 فیملی ممبرز کے ساتھ 23 دسمبر میں سعودی عرب گئیں، ڈرگ مافیا نے عملے کی ملی بھگت سے فرحانہ اکرم کے بیگ کا ٹیگ تبدیل کیا۔