محسن نقوی کا جناح ایونیو فلائی اوور کو فروری میں مکمل کرنے کا ٹاسک

Published On 30 January,2025 12:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جناح ایونیو فلائی اوور پراجیکٹ کو آئندہ ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف ایٹ جناح ایونیو انٹرچینج اور ایف ٹین راؤنڈ آباؤٹ پراجیکٹس کا دورہ کیا، محسن نقوی نے جناح ایونیو انٹرچینج فلائی اوور پراجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی اور دونوں منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے احکامات دیئے۔

محسن نقوی نے ایف ایٹ جناح ایونیو انٹرچینج اور ایف ٹین راؤنڈ آباؤٹ منصوبوں پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور دونوں منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کا معائنہ کیا، وزیر داخلہ نے منصوبوں کے اطراف شجرکاری اور ہارٹیکلچر کے کام کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف سے محسن نقوی کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ فروری کے دوسرے ہفتے تک فلائی اوور کو ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا، سپیڈ کے ساتھ معیار کو ہرصورت برقرار رکھا جائے، تعمیراتی کاموں کے ساتھ پراجیکٹس کے اطراف بیوٹیفکیشن کا کام جاری رکھا جائے، ہر حال میں تعمیراتی کاموں کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل سے شہریوں کو ٹریفک جام سے نجات ملے گی، شہریوں کو آمدورفت میں بہت سہولت ملے گی، سگنل فری کوریڈور پر سفر سے وقت اور ایندھن کی بچت ہو گی۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا ، وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا، نیسپاک کے متعلقہ حکام اور اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔