معیشت درست سمت گامزن، شرح سود میں کمی سے کاروباری افراد کو فائدہ ہوا: وزیر خزانہ

Published On 22 February,2025 06:15 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملکی معیشت درست سمت گامزن ہے، معاشی استحکام ملکی ترقی کی بنیاد ہے، شرح سود کم ہونے سے کاروباری افراد کو فائدہ ہوا۔

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ مجھے یہاں آکر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے، میں نے اس شہر میں ساڑھے 6 سال کام کیا ہے، میں ذاتی طور پر یہاں پر بہت سے لوگوں کو جانتا ہوں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ میں پالیسی ریٹ اور مہنگائی پر بات کرنا چاہوں گا، ہمیں گزشتہ کچھ عرصے سے اس معاملے پر مشکلات رہی ہیں، شرح سود میں کمی آرہی ہے اور آٹو فنانسنگ میں تو آچکی ہے، ہم نے کچھ عرصے سے دیکھا کہ چینی ،گھی اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ یہ سب چیزیں تب مہنگی ہوتی ہیں جب مڈل مین منافع خوری کرتا ہے، ہر سال چینی پر بات ہوتی ہے، وزیر خوراک نے کہا ہے رمضان المبارک میں چینی کی قیمتوں میں کمی ہوگی،۔

انہوں نے کہا کہ بار بار کہا جاتا ہے ہم آئی ایم ایف کے پاس کیوں جاتے ہیں، آپ کو پتہ ہے اس لیے جاتے ہیں کہ اکانومی کا ڈی این اے چل سکے، وہ یہی کہہ رہے ہیں کہ ہم مزید پیسے دینے کے لیے تیار ہیں لیکن ٹیکس ریفارمز کریں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم جو اصلاحات لا رہے ہیں وزیراعظم اس پر مطمئن ہیں، تنخواہ دار پر بہت بوجھ پڑا ہے، ہم یہ چاہتے ہیں کہ سیلری پرسن کو اپنا فارم جمع کروانا ہوگا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ سات شعبہ جات سے منسلک تنخواہ دار طبقہ نومبر تک آن لائن اپنا فارم جمع کروا سکے گا، ہم اس پورے سسٹم کو ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں۔