آئی ایم ایف اور حکومتی مذاکرات: پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں 10روپے اضافے کاامکان

Published On 15 March,2025 04:26 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) آئی ایم ایف اور حکومتی مذاکرات کےبعد پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں 10روپے اضافے کاامکان ہے۔

مالیاتی و عالمی جریدے کی رپورٹ کے مطابق پیڑولیم ڈیویلپمنٹ لیوی 60 روپے سے بڑھ کر 70 روپے فی لیٹر ہونے کی توقع ہے، رواں مالی سال کے ابتدائی آٹھ مہینوں میں پی ڈی ایل وصولی 718 ارب روپے رہی جو ماہانہ90 ارب روپے کے برابر ہے۔

رپورٹ میں بتا یا گیا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی فروخت میں 3فیصد سالانہ اضافہ ہوسکتا ہے جبکہ پی ڈی ایل وصولی 1076 ارب روپے تک پہنچنے کا امکان ہے، حکومت کا مالی سال 2025 کا پی ڈی ایل 1281 ارب روپے میں مشکلات کا شکار ہے۔

ہدف کو پورا کرنے کیلئےلیوی میں مزید اضافے کی توقع ہے، حکومت پی ڈی ایل 70 روپے فی لٹر کر دے تووصولی 1129ارب روپے اور 94 ارب روپے ماہانہ تک پہنچ سکتی ہے۔

عالمی جریدے کی رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ پی ڈی ایل میں10روپے ممکنہ اضافہ، پٹرول کی نئی قیمت میں کمی 4.67 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں کمی 0.97 روپے فی لیٹر رہ جائے گی۔

خیال رہے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی آج متوقع ہے، پٹرول 14.67 روپے اور ڈیزل 10.97 روپے فی لیٹر سستا ہوسکتا ہے جبکہ حکومت کے لیے ریونیو بڑھانے کا دباؤ، پیٹرولیم لیوی میں اضافے کا امکان مزید مہنگائی کا سبب بن سکتا ہے۔