لاہور :(دنیا نیوز ) سربراہ یونائیٹڈ بزنس گروپ ( یو جی ڈی) ایس ایم تنویر نے آئندہ مانیٹری پالیسی میں سنگل ڈیجٹ مارک اپ کا مطالبہ کردیا۔
صوبائی دارالحکومت سے جاری اپنے ایک بیان میں ایس ایم تنویر کا کہنا تھا کہ ملک میں معاشی سرگرمیوں کو بحال کرنے کے لیے آئندہ مانیٹری پالیسی میں سنگل ڈیجٹ مارک اپ ریٹ ہونا چاہیے، کاروباری برادری پچھلی مانیٹری پالیسی میں سنگل ڈیجٹ مارک اپ کی توقع کر رہی تھی لیکن سب بے سود رہا کیونکہ سٹیٹ بینک آف پاکستان ان کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہا۔
انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کہ سٹیٹ بینک کی مارک اپ کی شرح کو کم کرنے میں ہچکچاہٹ معاشی ترقی میں رکاوٹ ہے، موجودہ مانیٹری پالیسی لیکویڈیٹی کو سخت اور قرض لینے کی لاگت میں اضافہ کر رہی ہے، جو کاروباروں اور صنعتوں کے لیے نقصان دہ ہے۔
سربراہ یو جی ڈی کا کہنا تھا کہ کہ وفاقی حکومت کی کوششیں اور معاشی ترقی کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اقدامات سٹیٹ بینک کی غیر فعالی سے متاثر ہو رہے ہیں،ایس بی پی کی شرح سود کو دوہرے ہندسے میں رکھنے کی پالیسی معاشی ترقی کو بڑھانے کے لیے حکومت کی کوششوں سے متصادم ہے۔
ایس ایم تنویر نے اس بات کی بھی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معاشی نمو سست رہی ہے، سنگل ڈیجٹ مارک اپ ریٹ معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے، سرمایہ کاری بڑھانے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں مدد کرے گا۔
ان کا سٹیٹ بینک پر زور دیتے ہوئے کہنا تھا کہ کہ وہ تاجر برادری کی توقعات پر پورا اترنے اور معاشی نمو کو سپورٹ کرنے کے لیے مارک اپ کی شرح کو فوری طور پر سنگل ڈیجٹ تک لے آئے، سنگل ہندسے کی مارک اپ کی شرح تاجروں اور صنعتوں کو ریلیف فراہم کرے گی، جس سے وہ معمولی شرح پر قرض تک رسائی حاصل کر سکیں گے اور توسیع وترقی میں سرمایہ کاری کر سکیں گے۔
خیال رہے کہ کاروباری برادری آئندہ مانیٹری پالیسی کے اعلان کا بے صبری سے انتظار کر رہی ہے، امید ہے کہ سٹیٹ بینک ان کے تحفظات کو مدنظر رکھے گا اور معاشی ترقی کو تیز کرنے کے لیے اقدامات کرے گا۔