آئندہ بجٹ: عوام کو انرجی سیور پنکھے آسان اقساط پر دینے کی تیاری

Published On 19 May,2025 03:26 pm

اسلام آباد : (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے آئندہ بجٹ میں عوام کو انرجی سیور پنکھے اقساط پر دینے کی تیاری شروع کر دی۔

ذرائع کے مطابق عوام کو توانائی کم خرچ کرنے والے پنکھے اقساط پر دینے کا مقصد بجلی کی بچت ہے، وزیراعظم نے آسان اقساط پر عوام کو پنکھے دینے کی تجویز منظور کر لی۔

حکومت نے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے پنکھوں کی تبدیلی کا قومی منصوبہ تیار کر لیا، پنکھے لگانے کیلئے منصوبے کا اعلان آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کیا جائے گا۔

منصوبے کے تحت صارفین بینکوں کی مالی معاونت سے بجلی کم خرچ کرنے والے پنکھے لے سکیں گے، صارفین ان پنکھوں کی قیمت کی ادائیگی بجلی کے بلوں کے ذریعے اقساط میں کر سکیں گے۔

بلاسود آسان اقساط پر پنکھوں کی فراہمی کی سکیم پر آئی ایم ایف سے بات ہوگی، ان پنکھوں کی فراہمی سے عوام کے بجلی کے بل کم آئیں گے۔