کراچی : (دنیا نیوز) گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد خان نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح 60 سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ اپریل میں مہنگائی کی شرح 0.3 فیصد رہی، حکومت کی جانب سے معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے بہت کام کیا جارہا ہے، ادائیگیاں ڈیجیٹل ہو رہی ہیں۔
جمیل احمد کا یہ بھی کہنا تھا کہ ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آرہی ہے، ہمارا پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہوکر 11 فیصد پر آگیا ہے جو شرح سود میں نصف کمی کو ظاہر کرتا ہے۔
رواں مالی سال ملک میں کاروبار میں بھی دوبارہ اضافہ دیکھا جا رہا ہے، ہمارا کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس بھی سرپلس رہا ہے، معاشی بہتری میں برانچ لیس بینکنگ اورالیکٹرانک منی انسٹیٹیوشن کا بڑا کردار ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملکی معیشت کو استحکام دینے میں آئی ٹی کا بڑا کردار ہے، آئی ٹی سیکٹر سے رقوم کی ادائیگیوں میں توازن بہتر ہوا ہے، تین سال قبل معیشت کو بڑے چیلنجز تھے، مہنگائی اور بیرونی کھاتے بڑے مسائل تھے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ قرض 2 ارب ڈالر کم کیا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر 3 ارب ڈالر بڑھائے ہیں، ترسیلاتِ زر میں 8 ارب ڈالر کا اضافہ کیا ہے، اسٹیرنگ کمیٹی کے 450 اجلاس ہوئے ہیں۔
گورنر سٹیٹ بینک کے مطابق روایتی بینکوں کو اسلامی بینکاری پر منتقلی کا منصوبہ دے دیا ہے، اسلامی بینکاری کیلئے افرادی قوت کی تربیت کی جا رہی ہے، اسلامک بینکاری کا قانونی فریم ورک مہیا کر دیا ہے۔