آئندہ بجٹ: پوائنٹ آف سیلز میں رجسٹرڈ ریٹیلرز پر ٹیکس چوری پر جرمانہ بڑھانے کا فیصلہ

Published On 21 May,2025 03:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئندہ بجٹ میں پوائنٹ آف سیلز میں رجسٹرڈ ریٹیلرز پر ٹیکس چوری کرنے پر جرمانہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں بلیک منی کو وائٹ کرنے کیلئے ایمنسٹی سکیم کی تجویز دی گئی۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) حکام نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے باعث بلیک منی کو وائٹ کرنے کیلئے ایمنسٹی نہیں دی جا سکتی، 2018,2019,2020 میں تین برسوں تک مسلسل ایمنسٹی دی گئی ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ میں پوائنٹ آف سیلز میں رجسٹرڈ ریٹیلرز پر ٹیکس چوری کرنے پر جرمانہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ٹیکس چوری میں ملوث ریٹیلرز پر جرمانہ 5 لاکھ روپے سے بڑھا کر 50 لاکھ روپے کیا جائے گا، روزانہ کی بنیاد پر ٹیکس چوری میں ملوث 20 ریٹیلرز کو سیل کیا جا رہا ہے، ٹیکس چوری میں ملوث ریٹیلرز کی نشاندہی کرنے پر 5 ہزار سے 10 ہزار تک انعام ملے گا۔

ایف بی آر حکام نے کہا کہ پوائنٹ آف سیلز میں رجسٹرڈ ریٹیلرز کی تعداد 39 ہزار ہے، آئندہ بجٹ میں پوائنٹ آف سیلز میں ریٹیلرز کی تعداد بڑھا کر 70 لاکھ کرنے کا ہدف ہے، بجٹ میں ریٹیلرز پر مانیٹرنگ کیمرہ اور نگرانی کیلئے ملازمین کی تعیناتی بھی کی جائے گی۔

حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں مالی سال شوگر ملز کی پیداوار مانیٹر کرنے سے 34.5 فیصد اضافی ٹیکس جمع کیا گیا، آئندہ بجٹ میں پولٹری، چکن چوزہ، تمباکو گرین لیف اور بیوریجز کی مانیٹرنگ کی جائے گی، ملک میں 26 سیمنٹ فیکٹریوں کی مانیٹرنگ کو بھی جون 2025 تک مکمل کر لیا جائے گا۔

ایف بی آر حکام نے مزید بتایا کہ فاسٹر نظام کے تحت اب 72 ایکسپورٹ سیکٹر کو ٹیکس ریفنڈ کیا جا سکے گا، مینوفیکچرر کیلئے لوکل سپلائی پر ٹیکس ریفنڈ کو ختم کرنے کی تجاویز زیرغور ہیں، رواں مالی سال کے دوران جی ڈی پی گروتھ اور مہنگائی کی گروتھ تقریباً 7 فیصد تک رہی۔