اسلام آباد : (مدثر علی رانا) حکومت نے آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ 26-2025 میں پٹرولیم مصنوعات پر 2.5 روپے کاربن لیوی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ دوسرے سال کاربن لیوی بڑھا کر 5 روپے فی لیٹر عائد کر دی جائے گی، آئندہ مالی سال 26-2025 میں کاربن لیوی سے 45 ارب روپے تک حاصل ہو سکیں گے جبکہ مالی سال 2027 کے دوران کاربن لیوی کی آمدن دُگنی ہو جائے گی۔
ذرائع کے مطابق معاشی ٹیم اور آئی ایم ایف کے درمیان بجٹ کے لیے مذاکرات مکمل ہو گئے ہیں، کاربن لیوی عائد ہونے سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔
پٹرول اور ڈیزل پر کاربن لیوی پی ڈی لیوی کے ساتھ ہی عائد کی جائے گی، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل پر کاربن لیوی عائد نہیں ہو گی، آئندہ بجٹ میں کاربن لیوی کیلئے الگ سے قانون سازی نہیں ہو گی۔
حکام کے مطابق فی لٹر اڑھائی روپے کاربن لیوی کو گرین بجٹنگ کیلئے استعمال کیا جائے گا۔