ملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹورز کا آپریشن مکمل طور پر بند کردیا گیا

Published On 31 July,2025 06:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت کی ہدایت پر ملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کا آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا گیاہے۔

وزارت صنعت و پیداوار نے یوٹیلیٹی سٹورز کی مکمل بندش کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا، وزیراعظم اور بورڈ آف ڈائریکٹرز نے یوٹیلیٹی سٹورز بند کرنے کی منظوری دی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صرف وہ سٹورز کھلے رہیں گے جہاں سے سامان گوداموں میں منتقل کیا جائے گا، یوٹیلیٹی سٹورز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بھی آپریشن بند کرنے کے احکامات کی توثیق کرتے ہوئے ادارے کی تمام سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔

ملک بھر کے سٹورز پر اشیا کی خرید و فروخت کا عمل آج سے مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے اور ادارے کے تمام سٹورز سے اشیائے خورونوش اور دیگر سامان ویئر ہاؤسز منتقل کر دیا گیا ہے، یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کا ای آر پی سسٹم بھی آج سے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔