سونے کی قیمت میں فی تولہ 1500روپے کمی، ڈالر بھی سستا

Published On 22 August,2025 04:59 pm

کراچی :(دنیا نیوز) ملک میں سونے کی قیمت میں ایک روز اضافے کے بعد پھر سیکڑوں روپے کی کمی ہوگئی۔

صرافہ مارکیٹوں کے تاجروں نے بتایا کہ 24 قیراط کے فی تولہ سونے کی قیمت میں 1500 روپے کی کمی ہوئی اور یہ 3 لاکھ 55 ہزار 700 روپے میں فروخت ہوا جبکہ گزشتہ روز یہ 3 لاکھ57 ہزار 200 روپے میں فروخت ہوا تھا۔

دوسری جانب 24 قیراط کے 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 1286 روپے کمی ہوئی اور یہ 3 لاکھ 4 ہزار 955 روپے سے کم ہوکر 3 لاکھ 6 ہزار 241 روپے ہوگئی جبکہ 22 قیراط کے 10 گرام کی قیمت 1179 روپے کمی کے بعد 2 لاکھ 79 ہزار 552 روپے سے کم ہوکر 2 لاکھ 80 ہزار 731 روپے ہوگئی۔

اسی طرح چاندی کی فی تولہ اور 10 گرام کی قیمتیں بالترتیب 4 ہزار 13 روپے اور 3 ہزار 440 روپے پر برقرار رہیں۔

 بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 15 ڈالر کمی کے بعد 3 ہزار 345 ڈالر سے کم ہوکر 3 ہزار 330 ڈالر ہوگئی جبکہ چاندی کی قیمت 37.80 ڈالر فی اونس پر برقرار رہی۔

 علاوہ ازیں انٹر بینک میں ڈالرکی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، انٹربینک میں ڈالر 281 روپے 92 پیسے سے کم ہوکر 281 روپے90 پیسے پر بند ہوا جبکہ انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 2 پیسے کی کمی ہوئی۔