کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی میں اضافے کے باعث پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آج شدید مندی کا رجحان رہا، ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس میں 5 ہزار پوائنٹس کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے آغاز سے ہی سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھنے میں آئی، 5000 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے ساتھ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 57 ہزار 678 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
تاہم کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 4654 پوائنٹس کی کمی کیساتھ ایک لاکھ 58 ہزار 443 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
گاڑیوں کے سمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، فرٹیلائزر، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، ریفائنریز اور پاور جنریشن سمیت کئی اہم شعبوں میں فروخت کے دباؤ کا رجحان دیکھا گیا، انڈیکس میں نمایاں حیثیت رکھنے والے اسٹاکس جیسے حبکو، ماری، او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی او ایل، ایچ بی ایل اور یو بی ایل منفی زون میں ٹریڈ ہو رہے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 1432 پوائنٹس کی کمی کیساتھ ایک لاکھ 63 ہزار 98 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔