پاکستان اور یو اے ای کا دو طرفہ تجارت مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

Published On 15 October,2025 12:57 pm

دبئی: (دنیا نیوز) پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل خان نے دبئی میں یو اے ای کے وزیر برائے غیر ملکی تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور نئے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، رانا احسان افضل خان نے یو اے ای کی کاروباری برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔

رانا احسان افضل نے یو اے ای کی کمپنیوں کو وزارتِ تجارت پاکستان کے زیراہتمام 25 تا 27 نومبر 2025 تک منعقد ہونے والی "فوڈ ایگ 2025" نمائش میں شرکت کی خصوصی دعوت بھی دی۔

ملاقات کے دوران رانا احسان افضل خان نے یو اے ای کی قیادت اور عوام کی جانب سے گرمجوش استقبال پر شکریہ ادا کیا، اس موقع پر دبئی میں قائم پاکستانی قونصل خانے کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کونسلر بھی موجود تھے۔