اسلام آباد: (دنیا نیوز) گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح صفر اعشاریہ پانچ نو فیصد کم ہوئی ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح چار اعشاریہ ایک آٹھ فیصد پر آگئی۔
مسلسل 5 ہفتوں سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کی لہر کچھ دیر کیلئے تھم گئی، ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 18 اشیاء مہنگی، 12 کی قیمتوں میں کمی، انڈے فی درجن 8 روپے 33 پیسے، بیف 10 روپے 66 پیسے، مٹن 2 روپے 52 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق جلانے والی لکڑی 22 روپے 56 پیسے فی من، کیلے 2 روپے 86 پیسے فی درجن، 20 کلو آٹے کا تھیلا 7 روپے 39 پیسے مہنگا ہوا، اڑھائی کلو گھی کا ٹن بھی 2 روپے 37 پیسے مہنگا ہوا، ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر فی کلو 66 روپے 21 پیسے، پیاز 8 روپے 49 پیسے، فی کلو لہسن 13 روپے فی کلو سستا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق چکن کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 21 پیسے کی کمی آئی جبکہ چینی، دال مسور، دال ماش، دال چنا اور آلو بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں، گزشتہ ہفتے میں 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام بھی رہا۔



