مہنگائی کا زور برقرار، سرکاری نرخوں پر عمل درآمد نہ ہونے سے شہری پریشان

Published On 10 November,2025 05:18 am

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں مہنگائی کا زور برقرار ہے جبکہ سرکاری نرخوں پر عمل درآمد نہ ہونے سے عوام کو مہنگائی کا دوہرا بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

ملک بھر میں پولٹری مصنوعات، سبز مصالحہ جات اور موسمی سبزیاں قوت خرید سے باہر ہو گئی ہیں، برائلر گوشت 21 روپے مہنگا جس کا فی کلو سرکاری دام 482 روپے مقرر ہے، فارمی انڈے 344 روپے فی درجن ہیں، پرچون میں پیاز درجہ اول 200، درجہ دوم پیاز 180 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا۔

اسی طرح ٹماٹر 140، لہسن چائنہ 500، ادرک 600 روپے فی کلو ہے، سبز مرچ 140، پھول گوبھی 60، بھنڈی 150 اور شملہ مرچ 350 روپے فی کلو بیچی جا رہی ہے، آلو 120، ساگ اور پالک 50 روپے فی کلو دستیاب ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے اقدام صرف اعلانات تک محدود ہیں، کہیں بھی چیک اینڈ بیلنس نظر نہیں آتا، خود ساختہ مہنگائی نے جینا مشکل کر دیا ہے، علاوہ ازیں پھلوں کی صورتحال بھی کچھ مختلف نہیں، دکاندار من مانگے ریٹ وصول کر رہے ہیں۔