معاہدے کی خلاف ورزی، چینی کی فی کلو قیمت میں 58 روپے سے زائد کا اضافہ

Published On 15 November,2025 10:37 am

اسلام آباد: (مدثر علی رانا) حکومت اور شوگر ملز مالکان کے طے شدہ معاہدے کے برعکس چینی کی قیمت میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق حکومت اور شوگر ملز مالکان کے درمیان چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 171 روپے فی کلو مقرر کی گئی تھی، معاہدے کے تحت 15 اگست سے 15 نومبر تک صرف 6 روپے فی کلو اضافے کی اجازت تھی جبکہ جولائی میں قیمت 165 روپے سے بڑھا کر 171 روپے طے کی گئی تھی۔

شوگر ملز مالکان نے معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے چینی کی فی کلو قیمت 229 روپے تک پہنچا دی۔

دستاویزات کے مطابق چینی کی قیمتیں حکومتی کنٹرول سے مکمل طور پر باہر ہو چکی ہیں جبکہ قیمتیں مقررہ حد سے 58 روپے فی کلو زائد وصول کی جا رہی ہیں۔

اس غیر قانونی اضافے کے باوجود حکومت کی جانب سے کسی بھی ذخیرہ اندوز یا گراں فروش کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔