لاہور:(دنیا نیوز)حکومت پنجاب کی جانب سے دی گئی تاریخ پر 41 ملوں میں سے صرف پانچ ملوں نے گنے کی کرشنگ کا آغاز کیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے شوگر ملوں کو 15 نومبر سے کرشنگ شروع کرنے کی ڈیڈ لائن دی تھی، وزیراعظم پاکستان کے خاندان کی شوگر مل نے کرشنگ شروع کر دی ہے۔
کین کمشنر پنجاب نے بذریعہ نوٹیفکیشن شوگر ملوں کو کرشنگ شروع کرنے کی ہدایت جاری کی تھی، کل سے بند ملوں کے خلاف آپریشن کا عندیہ دیا گیا ہے جب کہ ملوں میں کسانوں کو گنے کی مکمل وزن کے مطابق بھی ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب ذرائع نےبتایا کہ کرشنگ شروع نا ہونے کے باعث چینی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے، مختلف شہروں میں چینی کی موجودہ قیمت 200 روپے سے 215 روپے تک پہنچ چکی ہے، بروقت کرشنگ شروع نا ہونے کے باعث قیمتوں میں مزید تین سے چار روپے فی کلو اضافے کا خدشہ ہے۔
علاوہ ازیں کسان اتحاد کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ شوگر ملوں نے بروقت کرشنگ شروع نا کرکے حکومت کے احکامات ہوا میں اڑا دیے ،مل مالکان تاخیر سے کرشنگ شروع کرکے کسانوں سے سستے داموں گنا خریدنے کی کوشش کریں گے۔



