سٹاک مارکیٹ میں نیا ریکارڈ! انڈیکس ایک لاکھ 75 ہزار پوائنٹس کی حد کو چھو گیا

Published On 31 December,2025 09:51 am

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آئے روز ریکارڈ قائم ہونے کا سلسلہ برقرار ہے۔

کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھنے میں آئی، ٹریڈنگ کے دوران 500 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 75 ہزار 29 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

اہم شعبوں میں خریداری کا رجحان نمایاں رہا، جن میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اور بجلی پیدا کرنے والی کمپنیاں شامل ہیں، حبکو، ماری، پول، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، او جی ڈی سی، پاکستان اسٹیٹ آئل، حبیب بینک، میزان بینک اور مسلم کمرشل بینک سمیت انڈیکس پر زیادہ اثر ڈالنے والے شیئرز مثبت زون میں رہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 74 ہزار 472 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔