اسلام آباد:(دنیا نیوز) سابق نگرن وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ ملکی کرنسی مستحکم ہو چکی ہے، معاشی ترقی کی جانب پیش رفت کی جائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ ایکس‘ پر اپنے بیان میں گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ الحمدللہ! پاکستان نے گزشتہ تین برسوں کے دوران اہم معاشی اشاریوں میں نمایاں استحکام حاصل کیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ملکی کرنسی مستحکم ہو چکی ہے، سٹاک مارکیٹ میں تقریباً 400 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ پالیسی ریٹ بتدریج دوبارہ سنگل ڈیجٹ کی جانب بڑھ رہا ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری کا عمل بھی کامیابی سے شروع کر دیا گیا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ اس استحکام کو بنیاد بنا کر پائیدار معاشی ترقی کی جانب پیش رفت کی جائے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے تحقیق پر مبنی زرعی پالیسی، برآمدات پر مرکوز صنعتی حکمت عملی اور تعمیرات پر مبنی ملکی معیشت کے فروغ کے لیے مؤثر مراعات ناگزیر ہیں۔



