حکومت کا 1 ارب ڈالر اے آئی فنڈ، ڈیجیٹل معیشت میں نئے مواقع کی جانب اہم قدم

حکومت کا 1 ارب ڈالر اے آئی فنڈ، ڈیجیٹل معیشت میں نئے مواقع کی جانب اہم قدم

حکومتِ پاکستان اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) ملک میں ڈیجیٹل شعبے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔

حال ہی میں حکومت کی جانب سے 1 ارب ڈالر کی اے آئی فنڈنگ کا اعلان کیا گیا، جس کا مقصد ملک میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے۔

پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے وائس چانسلر ڈاکٹر ندیم جاوید نے وفاقی حکومت کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بروقت اور دور اندیش فیصلہ قرار دیا۔

ڈاکٹر ندیم جاوید کے مطابق اس منصوبے کے تحت ملک بھر کے سکولوں میں اے آئی نصاب متعارف کرایا جائے گا تاکہ ایک مضبوط اے آئی ایکو سسٹم قائم کیا جا سکے، سال 2030 تک طلبہ کیلئے ایک ہزار مکمل فنڈڈ سکالرشپس فراہم کی جائیں گی جبکہ 10 لاکھ غیر آئی ٹی افراد کو اے آئی کی تربیت دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اے آئی فنڈ نوجوانوں کیلئے اسٹارٹ اپس، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور مائیکرو انٹرپرائزز کے قیام کے نئے مواقع پیدا کرے گا، جس سے ملک میں جدت اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

ماہرین کے مطابق یہ اقدامات پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کے قیام اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے، تربیت اور جدید مہارتوں کے حصول کے ذریعے نوجوان ملکی معیشت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں گے۔