خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات ونشریات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کابینہ نے صنعتی ترقی اور ایکسپورٹ پروگرام سکیم کے فیچرز کی منظوری دے دی۔
صوبائی دارالحکومت کے ڈی جی پی آر میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب میں تیار ہونے والی مصنوعات کی برآمدات پر توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تیار ہونے والی مصنوعات پر ’’میڈ اِن پاکستان‘‘ لکھا ہونا چاہیے، مقامی سطح پر تیار ہونے والی مصنوعات کو پاکستانی شناخت کے ساتھ متعارف کرانے اور ان کی برآمدات پر توجہ دی جا رہی ہے۔
وزیراطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ پنجاب کابینہ کی جانب سے صنعتی ترقی اور ایکسپورٹ پروگرام سکیم کے فیچرز کی منظوری کو صوبے میں صنعتی سرگرمیوں اور برآمدات کے فروغ سے متعلق حکومتی اقدامات کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
عظمی ٰ بخاری نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پریہ نہیں ہوسکتا جومرضی الزام لگا دیں، بےبنیاد الزام لگانے والے صحافی کونوٹس بھیجا جائے گا۔
بلال اکبر
دوسری جانب صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں مزید بہتری لانے کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے اقدامات جاری ہیں، اس وقت پنجاب بھر میں 1100 الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے آج مزید 1500 بسوں کی منظوری دے دی ہے۔
بلال اکبر خان نے کہا کہ نئی بسوں کی منظوری کے بعد صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو وسعت دینے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، سال کے اختتام تک پنجاب میں بسوں کی مجموعی تعداد 3 ہزار ہو جائے گی۔