دبئی میں پاکستان انٹرنیشنل پراپرٹی ایکسپو کا 14واں ایڈیشن شروع، اربوں روپے کے منصوبوں کی نمائش

دبئی میں پاکستان انٹرنیشنل پراپرٹی ایکسپو کا 14واں ایڈیشن شروع، اربوں روپے کے منصوبوں کی نمائش

دو روزہ نمائش میں اوورسیز پاکستانیوں، کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ پاکستان کے سابق کرکٹ کپتان شاہد آفریدی کی بطور مہمان خصوصی شرکت تقریب کی خاص توجہ کا مرکز رہی۔

گلوبو ایشیا ایگزیبیشنز کے زیر اہتمام منعقدہ نمائش میں پاکستان کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے رئیل اسٹیٹ ڈویلپرز اور کاروباری اداروں نے اپنے منصوبے متعارف کروائے۔

فیصل ٹاؤن گروپ نے ٹائٹل اسپانسر کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ شرکا کو رہائشی اور تجارتی جائیدادوں میں سرمایہ کاری کے مختلف مواقع سے آگاہ کیا گیا۔

نمائش کے دوران کاروباری شخصیات اور رئیل اسٹیٹ ماہرین نے پاکستان کی پراپرٹی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے امکانات، اوورسیز پاکستانیوں کے کردار اور پاکستانی منصوبوں کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایکسپو کے منتظمین عمران خٹک، میاں منیر ہانس اور رئیل اسٹیٹ مندوب راجہ سجاد حسین سمیت دیگر شرکا نے کہا کہ نمائش کا بنیادی مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قابل اعتماد رہائشی اور تجارتی منصوبوں سے براہ راست منسلک کرنا اور ملک میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

منتظمین کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل پراپرٹی ایکسپو پاکستانی رئیل اسٹیٹ شعبے اور بیرون ملک سرمایہ کاروں کے درمیان کاروباری روابط کے فروغ کا اہم پلیٹ فارم بن رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دبئی کے بعد نمائش کا اگلا ایڈیشن سعودی عرب کے شہر جدہ میں منعقد کیا جائے گا۔ دو روزہ ایکسپو میں پاکستانی رئیل اسٹیٹ شعبے کی عالمی سطح پر نمائندگی اور اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ معاشی روابط مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔