سپر لیگ فائنل کے ساتھ ہی کراچی کے شائقین کا انٹرنیشنل کرکٹ سے محرومی کا دس سالہ دور بھی ختم، کراچی میں پی ایس ایل کے انعقاد پر چار سو خوشیاں اور امن کے رنگ بکھرگئے۔
شہر کو اس انداز میں سجایا سنوارا گیا جو پہلے کبھی نہیں ہوا۔ سڑکوں، چورنگیوں، انڈر پاسز، پلوں اور گرین بیلٹس پر کرکٹ ہیروز کی تصاویر آویزاں کی گئیں ہیں۔ رنگا رنگ فینسی لائٹس نے ماحول اور بھی دلکش بنا دیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر قائد حقیقی معنوں میں روشنیوں کا شہر لگ رہا ہے۔
پی ایس ایل فائنل کی سیکیورٹی کے لیے پولیس و رینجرزکے ساتھ ساتھ سپیشل سیکیورٹی یونٹ کے جوان تعینات، 800 سے زائد مرد و خواتین کمانڈوز کو الرٹ کردیا گیا۔ پارکنگ ایریاز، سٹیڈیم کے داخلی و خارجی راستوں پر ماہرنشانہ بازوں کی نظرجبکہ ایس ایس یو کے اہلکار شائقین کی رہنمائی کے لیے پمفلٹ تقسیم کریں گے۔ خواتین کمانڈوز پرمشتمل ویپن اینڈ ٹیکٹکس ٹیم کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنےکے لیے ایس ایس یوہیڈکواٹرمیں موجود رہےگی۔
پشاورزلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے فائنل میں دونوں ٹیموں کے کپتان انٹرنیشنل کرکٹرز ہوں گے۔ زلمی کی کپتانی ڈیرن سیمی جبکہ یونائیٹڈ کی کپتانی ڈومینی کریں گے ۔ اس کے علاوہ سیموئیل بدری، لیوک رونکی اسٹیون فن، سامیت پٹیل اور چیڈوک والٹن جبکہ پشاورزلمی کے لیام ڈاؤسن، کرس جارڈن اور آندرے فلیچر بھی کراچی کے مہمان بنیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ تھری کے فائنل میں آج پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کےدرمیان میچ کھیلا جائے گا۔