تفصیلات کےمطابق، دفاعی چیمپئن ٹیم لاہور سے کراچی پہنچ گی، کپتان ڈیرن سیمی ایئر پورٹ پر جھومتے رہے، پشاور زلمی کا اتوار کو فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے مقابلہ ہوگا۔ فاسٹ باؤلر حسن علی نے کراچی والوں کو پشاور زلمی کی سپورٹ کرنے کی اپیل کر دی۔
پی ایس ایل تھری کے پہلے راؤنڈ میں پشاوراور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں دو بار مدمقابل ہوئیں اور دونوں نے ایک ایک میچ اپنے نام کیا۔ سپر لیگ فائنل کے ساتھ ہی کراچی کے شائقین کا انٹرنیشنل کرکٹ سے محرومی کا دس سالہ دوربھی ختم ہو جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان سپر لیگ کے فائنل معرکے کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے کمر کس لی، فائنلسٹ ٹیموں کو ائیرپورٹ سے ہوٹل اور ہوٹل سے سٹیڈیم لانے کی عملی مشق کی گئی، کارواں میں دو خصوصی بم پروف بسیں بھی شامل تھیں۔ اس سے قبل سکیورٹی ریہرسل کیلئے سٹیڈیم کے اطراف کی گلیاں اور سڑکیں ٹریفک کیلئے بند کی گئیں۔