'آئی پی ایل میں کھیلنے پر لعنت، پاکستانیوں کیلئے پی ایس ایل سب سے بڑی لیگ ہے'

Last Updated On 06 April,2018 09:56 pm

اسلام آباد(آن لائن) سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ بھارت کے لوگ پاکستانی عوام اور کرکٹرز سے بہت پیار کرتے ہیں، ان کا میڈیا انتہائی منفی کردار ادا کر رہا ہے جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کبھی ٹھیک نہیں ہو سکتے ، پڑوسی ملک کے کرکٹرز کی کوئی پروا نہیں کہ وہ کیا سوچتے ہیں، کشمیریوں کے حق میں بیانات کو مثبت انداز سے لیا جائے

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اوربہترین آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے آئی پی ایل میں کھیلنے پر لعنت بھیجتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانیوں کیلئے پی ایس ایل سب سے بڑی لیگ ہے اور وہ دن دور نہیں جب پاکستانی لیگ بھارتی ٹی ٹوئنٹی ایونٹ کو بہت پیچھے چھوڑ جائے گی، پڑوسی ملک کے کرکٹرز کی کوئی پروا نہیں کہ وہ کیا سوچتے ہیں، کشمیریوں کے حق میں بیانات کو مثبت انداز سے لیا جائے ،بھارت کے لوگ پاکستانی عوام اور کرکٹرز سے بہت پیار کرتے ہیں ، ان کا میڈیا انتہائی منفی کردار ادا کر رہا ہے جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کبھی ٹھیک نہیں ہو سکتے ۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ کشمیر کے حوالے سے اپنے بیان پر قائم ہیں اور انہیں اس بات کی بھی کوئی پروا نہیں کہ پڑوسی ملک کے کرکٹرز کیا سوچتے ہیں اور وہ ان سے محض یہی کہیں گے کہ کشمیریوں کے حق میں ان کے حالیہ بیانات کو مثبت انداز سے لیا جائے ۔شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر وہ کرکٹر نہ ہوتے تو پاکستان کے سپاہی بننا پسند کرتے اور پاکستانی فوج اپنا جو کردار ادا کر رہی ہے اس پر انہیں بھی ہر پاکستانی کی طرح فخر ہے ۔

انہوں نے انتہائی جذباتی انداز میں واضح کیا کہ وہ آئی پی ایل میں کھیلنے پر لعنت بھیجتے ہیں اور اگر انہیں بلایا بھی گیا تو وہ بھارتی ایونٹ میں شرکت سے انکار کر دیں گے ۔لالہ کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کیلئے پی ایس ایل سب سے بڑی لیگ ہے اور وہ دن دور نہیں جب پاکستان سپر لیگ بھارتی ایونٹ کو شہرت اور مقبولیت کے لحاظ سے بہت پیچھے چھوڑ جائے گی جس نے تین ایڈیشنز کے بعد ہی اپنی اہمیت منوا لی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ جب پاکستانی ٹیم نے انگلینڈ میں چیمپئنز ٹرافی جیتی تو بھارتی اداکار رشی کپور سے پاکستان کی کامیابی اور بھارت کی شکست برداشت نہیں ہوئی اور وہ پاکستان دشمنی میں حد سے آگے بڑھ گئے اور اب بھی کچھ بھارتی کھلاڑی ان کے بیانات کے پیش نظر ان کی کردار کشی کر رہے ہیں جس کی انہیں کوئی فکر نہیں کیونکہ دنیا میں جہاں بھی ظلم ہوگا وہ اس کیلئے آواز ضرور بلند کریں گے کیونکہ وہ اپنی فلاحی فاؤنڈیشن بھی انسانیت کی خدمت کیلئے چلا رہے ہیں اور ان کیلئے ساری دنیا کے مظلوم افراد یکساں اہمیت کے حامل ہیں۔

سابق قومی کپتان نے بھارتی میڈیا کو اپنی اصلاح کا مشورہ دیتے ہوئے بھارتی عوام سے کہا ہے کہ وہ منفی خبریں دینے والے میڈیا کا بائیکاٹ کریں۔ان کا اس بارے میں مزید کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا بہت زیادہ منفی کردار ادا کر رہا ہے اور اس کے طرز عمل کی وجہ سے دونوں ممالک کے تعلقات میں کبھی بہتری نہیں آ سکے گی۔

واضح رہے کہ شاہد آفریدی کی جانب سے کشمیریوں کے حق میں ٹوئٹ کو بھارتی میڈیا نے بھارت کی بے عزتی کے مترادف قرار دے دیا جس کے بعد متعصب بھارتی کھلاڑی گوتم گمبھیر اور شیکھر دھون بھی میدان میں کود پڑے جبکہ اس کے بعد سچن ٹنڈولکر،ویرات کوہلی،کپیل دیو اور سریش رائنا نے بھی پاکستانی آل راونڈر کے ریمارکس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا جس پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھی لالہ پر تنقید کرنے والے بھارتی کھلاڑیوں کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ برائے مہربانی وہ اپنی آگ مقامی طور پر بجھائیں کیونکہ شاہد آفریدی قومی ہیرو اور پاکستان کی آواز ہے ،انہوں نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں شاہد آفرید ی نے آخری دو گیندوں پر چھکے مار کرایشیاء کپ میں بھارت کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

شاہد آفریدی نے بھی ڈی جی آئی ایس پی آر کے پیغام کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے اپنی ایک پرانی تصویر شیئر کی، جس میں وہ بھارتی پرستاروں اور پرچم کے ساتھ تصویر بنواتے نظر آرہے ہیں۔ پاکستانی آل راؤنڈر نے اس تصویر کے ساتھ لکھا کہ ہم سب کی عزت کرتے ہیں اور یہی کسی کھلاڑی کی پہچان ہے لیکن جب بات انسانی حقوق کی ہو تو ہم بے گناہ کشمیریوں کیلئے بھی اچھے سلوک کی توقع رکھتے ہیں۔