لاہور : (دنیا نیوز) آڈٹ سے شہریار خان کے دور میں ایک سال میں دگنا منافع کمانے والے بورڈ کی نجم سیٹھی دور کی کمائی بھی واضح ہو جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا آڈٹ آئندہ ماہ سے شروع ہو جائے گا۔ بورڈ کی گزشتہ مالی سال کی آمدن 4ارب 14 کروڑ 38 لاکھ 41 ہزار 297 تھی جو مالی سال 2016 کی نسبت 47 کروڑ روپے زیادہ ہے۔ ان میں ملک سے باہر ٹورنامنٹس سے پی سی بی کو ایک ارب 47 کروڑ روپے حاصل ہوئے جبکہ ملکی اور نیوٹرل مقام سے ایک ارب 99 کروڑ ملے۔ اسپانسرز، لوگو، کرایہ جات اور بینک انویسٹمنٹ سے ہونے والی آمدن 51کروڑ روپے تھی۔
اخراجات کی بات کریں تو کرکٹ بورڈ کی کمائی کا 41فیصد 2 ارب50 کروڑ 69 لاکھ ٹیم کے بیرون ملک ٹورز پر اور 21 فیصد ایڈمن پر خرچ ہوا۔ کرکٹ پروموشن پر محض 13فیصد رقم خرچ کی گئی۔ پی سی بی کا کل خرچ 3ارب 29 کروڑ روپے رہا۔ بورڈ نے گزشتہ مالی سال 69 کروڑ روپے ٹیکس ادا کیا۔ ٹیکس سمیت تمام اخراجات کے بعد بورڈ کو گزشتہ مالی سال میں ایک ارب 53 کروڑ روپے منافع ہوا جو سال 2016 میں 75 کروڑ 95 لاکھ روپے تھا۔