تیسرا ٹی 20: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو سیریز میں وائٹ واش کردیا

Last Updated On 04 April,2018 08:17 am

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز اپنے نام کرلی، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کا 154 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش شکست دینے کے بعد گرین شرٹس نے ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن بھی مستحکم کرلی ہے۔ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیت کے لیے 154 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور بابر اعظم نے کیا، دونوں اوپنرز نے گزشتہ میچز کی طرح ایک بار پھر ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور 61 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔

 

ویسٹ انڈیز کی جانب سے آندرے فلیچر 52 اور دنیش رام دین 42 رنز بناکر نمایاں رہے، پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے دو جبکہ محمد نواز، عثمان شنواری اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ڈیبیو کرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے 4 اوورز میں 27 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔

پاکستان کی جانب سے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، فاسٹ بولر محمد عامر اور حسن علی کو آرام دیا گیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور عثمان شنواری کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔