کراچی: (دنیا نیوز) کالی آندھی کے نام سے مشہور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم آج 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان پہنچے گی، نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کل 9 سال بعد انٹرنیشنل کر کٹ کا میلہ سجے گا جب پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں پہلے ٹی 20 میچ میں مقابلے کیلئے میدان میں اتریں گی۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم آج شب 2 مختلف پروازوں سے کراچی پہنچے گی، ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کا پہلا گروپ رات ساڑھے 9 بجے اور دوسرا گروپ رات سوا 12 بجے دبئی سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے گا۔ دو الگ الگ فلائٹس میں آنے کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ دبئی سے کراچی کے درمیان ایک فلائٹ میں تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کیلئے نشستیں دستیاب نہیں تھیں۔ ویسٹ انڈین ٹیم کراچی میں 3 راتیں قیام کرے گی اور ایئرپورٹ سے ٹیم کو سخت پہرے میں ہوٹل پہنچایا جائے گا۔ کل پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا جائیگا جبکہ منگل کی شب کراچی میں آخری ٹی ٹونٹی کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم سٹیڈیم سے سیدھا ایئرپورٹ جائیگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے پہلے میچ سے قبل مہمان ٹیم کا کوئی پریکٹس سیشن نہیں ہوگا اور نہ ہی ٹیم کے کپتان سیریز سے قبل روایتی پری سیریز پریس کانفرنس کرینگے جبکہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے کپتانوں کے درمیان ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن بھی نہیں رکھا گیا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ آج شام ساڑھے 5 بجے صرف پاکستان ٹیم کی پریس کانفرنس ہوگی، جس کے بعد قومی ٹیم شام 6 سے رات 9 بجے تک نیشنل سٹیڈیم میں پریکٹس کریگی۔ ویسٹ انڈیز ٹیم کو کراچی میں صدارتی سکیورٹی دی جائیگی، مہمان ٹیم کو رن وے سے بلٹ پروف کوسٹرز پر کڑے پہرے میں ہوٹل منتقل کیا جائیگا۔ سندھ کے وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں پی ایس ایل فائنل کے ذریعے 9 سال بعد کرکٹ کی واپسی ہوئی لیکن کچھ کمی رہ گئی ہے تاہم کوشش ہے کہ عوام کو اس بار زحمت نہ ہو۔ کراچی میں سکیورٹی حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہر میں گرمی کی شدت کی وجہ سے سٹیڈیم میں داخلے کا وقت تبدیل کردیا گیا ہے ، شائقین اب 3 سے 7 بجے تک سٹیڈیم میں داخل ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو سرکاری مہمان کا درجہ دیا جائیگا جب کہ میڈیا نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا اور ایک بار پھر میڈیا کی سپورٹ کی ضرورت ہے۔
رینجرز کے بریگیڈیئر شاہد نے کہا کہ پی ایس ایل فائنل کی سکیورٹی پر آئی سی سی نے اطمینان کا اظہار کیا، ویسٹ انڈیز کی آمد کے موقع پر بھی پی ایس ایل فائنل کی طرز پر سکیورٹی اقدامات کئے جائیں گے۔ اس بار شٹل ڈراپ سروس سٹیڈیم کے قریب لانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ بریگیڈیئر شاہد کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت سے درخواست کی ہے کہ سٹیڈیم میں فوڈ سٹالز میں اضافہ کیا جائے۔ ڈی آئی جی ٹریفک عمران یعقوب منہاس کا کہنا تھا کہ ٹریفک پلان وہی ہے جو پی ایس ایل فائنل کے دوران تھا، سٹیڈیم کے اطراف کی چار سڑکیں بند کی جائیں گی، سڑکیں یکم اپریل سے 3 اپریل تک بند رہیں گی جب کہ مہمان ٹیم کو ٹریفک روٹ کلیئر دیا جائیگا اور میچ کے دنوں میں شہری شارع پاکستان اور شارع فیصل استعمال کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل فائنل کے دوران 11 بجے سڑکیں بند کی گئی تھیں تاہم اس مرتبہ سڑکیں 2 بجے بند کی جائیں گی۔