شاہد آفریدی کے دفاع میں ڈی جی آئی ایس پی آر بھی میدان میں آ گئے

Last Updated On 04 April,2018 05:01 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شاہد آفریدی نے کشمیر ایشو پر ٹوئٹر پر لکھا کہ انڈیا کے زیر تسلط کشمیر کی صورتحال "ہولناک اور پریشان کن" ہے، اس چھکے نے توگویا سب کے چھکے ہی چھڑا دیئے، جس پر سابق بھارتی اوپنر گوتم گھمبیر نے اسے الفاظ کے چناؤ میں ذہنی طور پر پسماندہ کہا.

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے اتوار کو فائرنگ کر کے 17 کشمیری نوجوانوں کو ہلاک کردیا تھا جس کے بعد مقبوضہ وادی میں دوسرے روز بھی ہڑتال جاری رہی جبکہ مختلف حصوں میں کرفیو بھی نافذ کردیا گیا۔اس بربریت پر دنیا بھر کے مسلمانوں نے بھرپور احتجاج کیا جس کے بعد قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی بھی خاموش نہ رہ سکے اور انہوں نے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

 

آفریدی کے ٹوئٹ پر بھارتی عوام کی جانب سے بھی ردعمل سامنے آیا تو بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان گوتم گھمبیر نے بھی آفریدی کو اپنے ٹوئٹ میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔  گوتم نے لکھا،  شاہد آفریدی کی کشمیر اور اقوام متحدہ سے متعلق ٹوئیٹ پر کیا کہنے کو رہ جاتا ہے؟ آفریدی اقوام متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، جو ان کی ڈکشنری میں  انڈر 19  کے زمرے میں آتا ہے۔ میڈیا سکون سے رہے، شاہد آفریدی نو بال پر آؤٹ کا جشن منارہے ہیں ۔

 گوتم گھمبیر کی اس ٹوئیٹ کے بعد پاکستانی بھی شاہد آفریدی کے دفاع کو آگئے، حتیٰ کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے بھی اپنے ذاتی اکاؤنٹ سے ٹوئیٹ کرکے گوتم گھمبیر اور بھارتیوں کو کرارا جواب دے ڈالا۔

  واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ شاہد آفریدی اور گوتم گمبھیر آمنے سامنے آئے ہوں بلکہ اس سے قبل بھی کئی مواقعوں پر دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تکرار ہو چکی ہے۔


کرکٹ لیجنڈز کے درمیان یہ لفظی جنگ دو ہزار سات کے دورہ بھارت میدان میں چھڑی جب کانپور ون ڈے میں گوتم گھمبیر رن لیتے ہوئے شاہد آفریدی سے ٹکرائے اس پر دونوں جیسے آپے سے باہر آئے۔