پاکستان اور ویسٹ انڈیز کا تیسرا ٹی ٹونٹی آج کھیلا جائے گا

Last Updated On 03 April,2018 02:51 pm

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں میچ شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا ، گرین شرٹس سیریز 0-2 سے پہلے ہی اپنے نام کر چکی ہیں

کراچی (دنیا نیوز ) پاک ویسٹ انڈیز ٹیمیں تین میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں آج ساڑھے سات بجے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ان ایکشن ہوں گی، گرین شرٹس پہلے ہی سیریز اپنے نام کر چکی ہیں۔ کراچی میں کرکٹ کے تین روزہ میلے کا آج آخری روز ہے جہاں پاک ویسٹ انڈیز ٹیمیں تیسرے میچ میں مد مقابل ہوں گی۔

میچ کے دوران ایک بار پھر چوکے چھکوں کی برسات ہو گی، کرکٹ دیوانوں کو شام ساڑھے سات بجے کا انتظار ہے۔ شاہین کیریبین ٹیم کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز پہلے ہی جیت چکے ہیں۔ ایونٹ کے پہلے مقابلے میں مہمان ٹیم کو 143 رنز جبکہ دوسرے میچ میں 82 رنز کے بڑے فرق سے ناکامی ہوئی۔ کپتان سرفراز احمد کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر خوش ہیں۔ ان کا کہنا ہے لڑکوں پر کم سے کم غصہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، وقت کے ساتھ ٹیم مزید بہتر ہوگی۔ ویسٹ انڈینز تیسرے میچ میں کم بیک کیلئے پر عزم ہیں جبکہ ٹیم پاکستان نے کلین سویپ کی تیاری کرلی ہے۔