کراچی: (دنیا نیوز) خوش آمدید، ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کا گیارہ رکنی پہلا دستہ روشنیوں کے شہر پہنچ گیا۔ وزیر کھیل نے استقبال کیا، سندھ کی پہچان اجرک اور سندھی ٹوپی سے نوازا گیا۔ کہتے ہیں شہر قائد میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر بہت خوش ہیں۔
کراچی 9 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کا میزبان بن رہا ہے۔ ویسٹ انڈیز ٹیم کی آمد، کراچی پہنچنے والے ویسٹ انڈیز اسکواڈ میں ہیڈ کوچ سٹورٹ لا اور آفیشلز میں الفونسو تھامس، ڈیکسٹر آگسٹس، ویرنن ولیمز شامل ہیں۔ کھلاڑیوں میں ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن محمد، روومین پاول، مارلون سموئلز اور سموئل بدری شامل ہیں۔
وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے کھلاڑیوں کا استقبال کیا اور سندھ کا روایتی تحفہ اجرک اور سندھ ٹوپی پیش کی۔ سپورٹس منسٹر کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ نو سال بعد کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ہو رہی ہے۔ ساتھ ہی اندرون سندھ تک رونقیں لے جانے کی خواہش ظاہر کر دی۔ دیگر کھلاڑی رات ایک کی نجی پرواز سے کراچی پہنچیں گے۔