لوڈ شیڈنگ کا جن بے قابو، وزیراعلیٰ سندھ کا وزیر اعظم کو خط

Last Updated On 31 March,2018 07:15 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ کے الیکٹرک کے ترجمان بن گئے، وزیراعظم سے سفارش کردی کہ سوئی سدرن گیس کمپنی سے کے الیکٹرک کو276 ایم ایم سی ایف ڈی گیس دلائی جائے۔

وزیراعلی سندھ کا کہنا ہے کہ سوئی سدرن کی ہٹ دھرمی کے باعث کراچی والوں کو لوڈ شیڈنگ کا عذاب بھگتنا پڑ رہا ہے۔ مراد علی شاہ نے وزیراعظم خاقان عباسی سے درخواست کی ہے کہ وہ سوئی سدرن کو پابند کریں کہ وہ "کے الیکٹرک " کو مطلوبہ مقدار میں گیس کی فراہمی یقینی بنائے۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں خبرادر کیا ہے کہ سوئی سدرن کی جانب سے کے الیکٹرک کو گیس کی فراہمی میں کمی سے عوام کو سخت گرمی میں لوڈ شیڈنگ کا عذاب جھیلنا پڑ رہا ہے۔ معاملے کو حل نہ کیا گیا تو شہر میں امن و اماں کے خدشات پیدا ہوسکتے ہیں۔ مراد علی شاہ نے وزیر اعظم خاقان عباسی سے درخواست کی ہے کہ وہ سوئی سدرن کو یومیہ 276 ملین مکعب فٹ گیس کےالیکٹرک کو فراہم کرنے کے لیے پابند کریں۔

کے الیکٹرک کے مطابق گیس کی ترسیلی کمپنی صرف 90 ایم ایم سی ایف ڈی فراہم کررہی ہے جس سے بجلی کی پیداوار میں 500 میگاواٹ کمی کا سامنا ہے۔ بجلی کی کم پیدوار کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں 10 گھٹنے بجلی غائب رہنے سے تجارتی اور صنعتی سرگرمیاں شدید متاثر ہورہی ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی کے امتحانی مراکز سے بجلی کے غائب ہونے اور طالب علموں کے گرمی میں امتحان دینے پر وزیراعلی نے نوٹس لیا تھا اور کے الیکٹرک سے کراچی کے امتحانی مراکز کو لوڈشیڈنگ سے مستثنی کرنے کی درخواست کی تھی۔ اب مسئلے کے مستقل حل کے لیے وزیراعلی سندھ نے وزیراعظم کو خط لکھا ہے۔