اسلام آباد: (دنیا نیوز) انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا آخری دورہ 2005 میں کیا تاہم اب ویسٹ انڈیز کے کامیاب دورے کے بعد وزیر داخلہ نے انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کی دعوت دیدی ہے ۔
وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پلے آف میچز، فائنل اوردورہ ویسٹ انڈیز کے کامیاب انعقاد کے بعد انگلش کرکٹ ٹیم کو باضابطہ طور پر پاکستان میں سیریز کھیلنے کی دعوت دے دی۔ پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھومس ڈریو نے وفاقی دارالحکومت میں وزیر داخلہ احسن اقبال سے ملاقات کی اور اس دوران دعوت نامہ باضابطہ طور پر ان کے حوالے کیا۔
احسن اقبال نے برطانیہ کے ہائی کمشنر کو ملک میں بہتر ہوتی ہوئی امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے حکومتی کوششوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ میچز کا انعقاد اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ہم نے ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ختم کردیا۔ملاقات کے دوران وزیر داخلہ احسن اقبال اور برطانیہ کے ہائی کمشنر نے پاکستانی طلبا کو برطانیہ کی جامعات میں ’تعلیم‘ دینے پر رضا مند کا اظہار کیا۔