گرین شرٹس کا دوسرا پریکٹس میچ آج سے شروع

Last Updated On 04 May,2018 10:19 am

نارتھمپٹن(سپورٹس ڈیسک) نارتھمپٹن شائر سے 4روزہ میچ سے قبل قومی کرکٹرز کی بھرپور مشقیں ،نیٹ پریکٹس ،کوچز نے لیکچردئیے ،تما م کھلاڑی باصلاحیت،امیدہے نوجوان کرکٹرز توقعات پر پورااترینگے :ٹیم انتظامیہ

آئرلینڈاور انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچز سے قبل قومی کر کٹ ٹیم اپنا دوسرا 4روزہ پریکٹس میچ آج سے نارتھمپٹن شائر کیخلاف کھیلے گی ،قومی پلیئرز نے گزشتہ روز نارتھمپٹن کرکٹ گراؤنڈ میں بھر پورپریکٹس کی تاہم ابھی تک کھلاڑیوں کو کنڈیشنز سے ہم آہنگ میں مشکلات کا سامناہے اور وہ خودکو ماحول میں ایڈجسٹ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچز سے قبل نارتھمپٹن شائر کیخلاف دوسرے پریکٹس کا آغاز آج سے ہو گا ،قومی ٹیم اس حوالے سے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے ،گزشتہ روز وارم اپ کے بعد کھلاڑیوں نے جسمانی استعداد بہتر بنانے پر کام کیا، فٹبال بھی کھیلا، کوچز نے پلیئرز کو لیکچر دیئے اور مختصر فاصلے کی دوڑوں کے بعد جمپ اور دیگر وزرشوں میں سرگرم رکھا۔

بیٹسمینوں اور باؤلرز نے نیٹ پر بھرپور پریکٹس سیشن کئے۔ دوسری طرف قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی خود کو ماحول میں ایڈجسٹ کرنے کیلئے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں لیکن سر دموسم تاحال انہیں کھل کر اپنی صلاحیتوں کے اظہا ر کا موقع نہیں دے رہا،آج سے شروع ہونیوالے پریکٹس میچ کیلئے کھلاڑیوں کی تیاریوں سے ثابت ہوتاہے کہ وہ کنڈیشنز پر حاوی ہوکر اپنی صلاحیتوں سے جیت اپنے نام کرلیں گے۔

ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں ،جن کے پاس تجربے کی کمی ہے اورکنڈیشنز کا بھی مسئلہ ہے تاہم تمام کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور ان سے بہت توقعات وابستہ ہیں ،امید ہے کہ لڑکے توقعات پر پورا اتریں گے اور ٹیسٹ سیریز جیت کر وطن واپس لوٹیں گے۔