نیشنل پارک میں نہیں، اسلام آباد میں اسٹیڈیم بنانا چاہتے ہیں،چیئرمین پی سی بی

Last Updated On 04 May,2018 05:59 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں اسٹیڈیم کی ضرورت ہے، اگر عدالت اور ماحولیات کی ایجنسی مختص جگہ پر اسٹیڈیم کی تعمیر نہیں چاہتی تو کوئی اعتراض نہیں، جہاں متبادل جگہ ملے گی وہاں میدان تعمیر کر لیں گے۔

اس سے قبل سپریم کورٹ میں شکر پڑیاں میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کےخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ نیشنل پارک میں متاثرہ سائٹ کو اصل شکل میں بحال کرائیں گے، ہم کھیلوں کو سپورٹ کرتے ہیں اور اسلام آباد کرکٹ اسٹیڈیم کے لیے جگہ لینے میں پی سی بی کی مدد کریں گے۔

یاد رہے کہ عدالت نے 2 مئی کی سماعت میں اسٹیڈیم کی تعمیر اور درخت کاٹنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔ سماعت کے دوران نجم سیٹھی نے عدالت کو بتایا کہ اسٹیڈیم کی تعمیر کا منصوبہ 2008 میں شروع ہوا، ہم نیشنل پارک میں نہیں بلکہ اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔ سی ڈی اے کی ذمے داری تھی کہ وہ نیشنل پارک میں جگہ ہی نہ دیتے، اگر اسلام آباد اسٹیڈیم نیشنل پارک کا حصہ ثابت ہوا تو جگہ واپس کر دیں گے جس پر عدالت نے سی ڈی اے اسٹیڈیم سے اس حوالے سے وضاحت طلب کر لی ہے، عدالت نے تعمیر روکنے کا حکم برقرار رکھتے ہوئے سماعت 2 ہفتوں تک کے لیے ملتوی کر دی۔