لاہور: (ویب ڈیسک) واضح رہے کہ مشتاق احمد کا شمار ان پاکستانی کوچز میں ہوتا ہے جن کی بیرون ملک کافی مانگ ہے اور اس سے قبل کراچی کنگز کے ساتھ ساتھ انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائز دہلی، انگلش کاؤنٹی سرے سمیت متعدد ٹیموں کے ساتھ ذمے داریاں انجام دے چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے سابق پاکستانی لیگ اسپنر مشتاق احمد کو مختصر دورانیے کے لیے باؤلنگ کوچ مقرر کردیا ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ وہ پاکستان کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بھی ذمے داراں انجام دیتے رہیں گے۔ بحیثیت کوچ مشتاق کے کیریئر کا سنہری دور انگلش ٹیم کی کوچنگ تھی جہاں وہ 6سال تک باؤلنگ کوچ رہے اور اس دوران انگلینڈ نے ورلڈ ٹی20، متعدد ایشز سیریز جیتنے کے ساتھ ساتھ تینوں فارمیٹس میں عالمی نمبر ایک پوزیشن حاصل کی۔
پی سی بی کے ترجمان نے کہا کہ ویسٹ انڈین ٹیم کی کوچنگ مشتاق کی این سی اے میں نوکری پر اثرانداز نہیں، ان کے معاہدے کی تجدید کر دی گئی تھی اور ویسٹ انڈیز سے واپس آ کر وہ اکیڈمی میں ہیڈ کوچ کی ذمے داریاں دوبارہ سنبھال لیں گے۔
دوسری جانب اہم ذمہ داری ملنے پر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈین ٹیم کے ساتھ کام کرنا اعزاز ہے اور دنیائے کرکٹ میں ان کی تاریخ کلاس، عزم اور بھرپور غلبے سے بھرپور ہے۔ دنیا کے اس خطے میں غیرمعمولی ٹیلنٹ ہے اور میں ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔