آل راؤنڈر عبدالرزاق 38سال کی عمر میں کم بیک کیلئے تیار

Last Updated On 08 May,2018 04:48 pm

کراچی: (روزنامہ دنیا) پانچ سال قبل قومی کرکٹ ٹیم کی آخری مرتبہ نمائندگی کرنے والے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق 38 سال کی عمر میں سرپرائز کم بیک کیلئے تیار ہیں،انہوں نے قائد اعظم ٹرافی میں کھیلنے کی غرض سے پی ٹی وی سے معاہدہ کرلیا ہے لیکن ان کا اصل مقصد آئندہ برس پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں اپنی شرکت کو یقینی بنانا ہے ۔

عبدالرزاق دو ہزار تیرہ میں جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے تھے جبکہ انہیں دو ہزار پندرہ کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی نہیں دیکھا گیا کیونکہ نامناسب مواقع کے سبب ان کا زرعی ترقیاتی بینک سے معاہدہ ختم ہو گیا تھا۔ 1996ء میں انٹرنیشنل کرکٹ شروع کرنے والے آل راؤنڈر نے پاکستان کی جانب سے 46 ٹیسٹ،265 ون ڈے اور 32 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے لیکن انہوں نے باضابطہ طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا تھا۔ اپنی فیملی کے ساتھ انگلینڈ منتقل ہو جانے والے عبدالرزاق نے ویسٹ انڈیز کیخلاف گزشتہ ہوم سیریز کے دوران ایک ٹی وی شو میں ماہر کی حیثیت سے شرکت کی تھی۔

عبدالرزاق کے مطابق سابق ٹیسٹ پلیئر محمد وسیم نے انہیں واپسی کا مشورہ دیا اور انہوں نے کھیل کی محبت کی خاطر آخری بار قسمت آزمائی کیلئے واپسی کا ارادہ کرلیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پی ٹی وی سے فرسٹ کلاس کرکٹ میں شرکت کیلئے معاہدہ کر چکے ہیں اور انہیں علم ہے کہ اب قومی ٹیم میں واپسی ممکن نہیں کیونکہ ملک میں متعدد نوجوان کھلاڑی موجود ہیں بلکہ ان کا مقصد ایک سے دو سال تک پی ایس ایل میں کھیلنا ہے اور اس کے سوا وہ کچھ نہیں چاہتے ۔