پہلا ٹی ٹونٹی: پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 48 رنز سے ہرا دیا

Last Updated On 13 June,2018 09:36 pm

ایڈنبرا: (دنیا نیوز) پاکستان نے پہلے ٹی ٹونٹی میں اسکاٹ لینڈ کو 48 رنز سے ہرا دیا، 2 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری میچ 13 جون کو کھیلا جائے گا۔

قومی بلے بازوں کے بعد بولر بھی چھا گئے، پہلے ٹی ٹونٹی میں میزبان اسکاٹ لینڈ کو 48 رنز سے شکست دے دی۔ شاہینوں کے 204 رنز کے تعاقب میں سکاٹش ٹیم 6 وکٹوں پر 156 رنز بنا کر ہمت ہار گئی۔

اسکاٹ لینڈ کی جانب سے مائیکل لیسک 38 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ شاداب خان اور حسن علی نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل گرین شرٹس نے 4 وکٹوں پر 204 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا تھا۔ کپتان سرفراز احمد نے 89 اور شعیب ملک نے 53 رنز بنائے۔

دومیچوں کی سیریز میں پاکستان نے ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔ دوسرا اور آخری ٹی ٹونٹی 13 جون کو ایڈنبرا میں ہی کھیلا جائے گا۔