لاہور: (دنیا نیوز) کرکٹ پنڈتوں اور مبصرین کی رائے ہے کہ عمران خان کے پاکستان کا متوقع وزیر اعظم بننے پر گیارہ سال سے پاک بھارت کرکٹ سیریز کے بند دروازے کھلنے کا امکان بڑھ گیا ہے۔
سرحد کےدونوں اطراف کرکٹ دیوانوں نے پاکستان کے متوقع وزیر اعظم عمران خان سے امیدیں لگا لیں۔ شائقین کو 11سال سے باہمی سیریز کا انتظار ہے، آخری بار پاک بھارت ٹیسٹ سیریز دسمبر2007 میں کھیلی گئی تھی۔
ماضی میں کئی بار کرکٹ دونوں ممالک کی سیاسی کشیدگی کم کرنے کا سبب بنی، جسے کرکٹ ڈپلومیسی کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ عمران خان کی کپتانی میں ہی پاکستان پہلی بار بھارتی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتا تھا۔امکانات ہیں کہ ان کی آمد پاک بھارت باہمی کرکٹ کے حوالے سے نیک شگون ثابت ہو گی۔