دبئی: (دنیا نیوز) پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم کو جیت کیلئے 151 رنز کا ہدف دیا لیکن کینگروز کھلاڑی اسے حاصل کرنے میں ناکام رہے اور تیسرا ٹی ٹونٹی میچ بھی ہار گئے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو ایک مرتبہ پھر شکست سے دوچار کرکے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستانی ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتری لیکن پاکستانی گیند بازوں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ پاکستان نے تیسرا ٹی ٹونٹی میچ 33 رنز کے بڑے مارجن سے اپنے نام کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے اے ٹی کیری 20، سی اے لین 15، میکڈرموٹ 21 اور مارش 21 بنا کر نمایاں بلے باز رہے، ان کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی شائقین کرکٹ کی امیدوں پر پورا نہیں اتر سکا۔ آسٹریلیا کی پوری ٹیم انیس اعشاریہ ایک اوور میں 117 رنز بنا سکی۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 3، حسن علی نے 2 جبکہ فہیم اشرف، محمد حفیظ اور عثمان خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور بابر اعظم اور صاحبزادہ فرحان کو میدان میں اتارا۔ دونوں بلے بازوں نے انتہائی پُراعتماد طریقے سے کھیلتے ہوئے جارحانہ انداز اپنایا اور آسٹریلوی بلے بازوں کی خوب درگت بنائی۔
بابر اعظم نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 50 رنز بنائے جبکہ صاحبزادہ فرحان نے دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 39 رنز کی اننگز کھیلی، دونوں کھلاڑیوں نے 93 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔
دونوں نوجوان کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد تجربہ کار بلے باز شعیب ملک اور محمد حفیظ نے میدان سنبھالا اور قومی ٹیم کے رنز میں خاطر خواہ اضافہ کیا، تاہم ٹیم کا سکور 126 تک پہنچا تو شعیب ملک ایک غیر ضروری شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ دے بیٹھے، انہوں نے دو چوکوں کی مدد سے 18 رنز بنائے۔
پاکستان کی چوتھی وکٹ 140 رنز پر گری جب محمد آصف چھکا مارنے کی کوشش میں باؤنڈری کے بالکل قریب کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے، انہوں نے صرف 4 رنز بنائے۔ اس کے فوری بعد نئے آنے والے کھلاڑی فہیم اشرف نے بھی انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شارٹ کھیلی اور کیچ دے بیٹھے۔
محمد حفیظ نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 32 جبکہ عماد وسیم نے صرف 3 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے، یوں مقررہ 20 اوورز میں پاکستان نے پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 150 رنز کی اننگز کھیلی۔
آسٹریلیا کی جانب سے مارش نے دو جبکہ زامپا، لیون اور اے جے ٹائی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستان آسٹریلیا کو کلین سویپ کر دیا ہے، پاکستان نے پہلا ٹی ٹونٹی 66 رنز سے جیتا جبکہ دوسرے ٹی ٹونٹی میں ایرن فنچ الیون کو 11رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔