پی ایس ایل سیزن فور کے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز

Last Updated On 15 January,2019 05:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل میچوں کی ٹکٹیں فروخت کیلئے جاری کر دیں۔

پی ایس ایل فور کی تیاریاں زورں پر ہیں، کرکٹ دیوانوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ پی سی بی نے ٹکٹس کی آن لائن فروخت شروع کر دی ہے، شیڈول کے مطابق پہلے مرحلے میں صرف شارجہ اور ابوظہبی کی ٹکٹیں جاری کی گئی ہیں، پہلی مرتبہ ابوظہبی میں پی ایس ایل کے میچز کرائے جا رہے ہیں جبکہ لاہور اور کراچی کی ٹکٹیں بھی جلد دستیاب ہوں گی۔ 

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14 فروری سے عرب امارات میں ہو گا جبکہ فائنل میچ 17 مارچ کو کراچی میں شیڈول ہے۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق شارجہ میں 8 اور ابوظہبی میں 4 میچز کھیلیں جائیں گے جن کے لیے آن لائن ٹکٹس بکنگ کے لیے دستیاب ہیں۔


شارجہ میں پہلا میچ کوئٹہ اور ملتان سلطانز کے درمیان 20 فروری کو ہوگا، 21 فروری کو پشاور زلمی اور کراچی کنگز مدمقابل ہوں گے، اسی طرح دوسرے تمام میچز کے لئے شائقین ٹکٹس بک کروا سکتے ہیں۔ ابوظہبی میں دو ڈبل ہیڈر میچز 4 اور 5 مارچ کو شیڈول ہیں۔

آن لائن بکنگ کیلئے دستیاب ٹکٹوں کی قیمت 20، 30، 65 اور 100 درہم مقرر کی گئی ہے۔ پی سی بی حکام اس بار شٹل سروس بھی شروع کرنے کی پلاننگ کررہے ہیں۔