چین نے سکیورٹی ٹیمز پاکستان بھیجنے کی خبریں بے بنیاد قرار دے دیں

Published On 15 November,2024 05:14 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان میں چین کے سفارتخانے نے چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے سکیورٹی ٹیمز پاکستان بھیجنے کی خبروں کی تردید کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی سفارتخانے کے دو اعلیٰ حکام نے تصدیق کی ہے کہ بیجنگ نے اسلام آباد سے سکیورٹی ٹیمز بھیجنے کا کوئی مطالبہ نہیں کیا،بیجنگ کے لیے اپنے شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

چینی سفارتخانے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگرد پاکستان اور چین کے مشترکہ دشمن ہیں، چین پاکستان کے سکیورٹی اداروں پر مکمل اعتماد کرتا ہے، اسلام آباد کے اندرونی معاملات اور سکیورٹی امور میں مداخلت نہیں کرے گا۔

 ذرائع کا مزید کہنا  تھا کہ سکیورٹی چیلنجز کے باوجود سی پیک اور بی آر آئی پر کام جاری رہے گا،پاکستان اور چین سکیورٹی معاملات پر اعلیٰ فورمز پر رابطے میں ہے۔