دبئی: (دنیا نیوز) جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے دوران سرفراز احمد کے مبینہ نسل پرستانہ جملے نے تنازع کھڑا کر دیا۔ آئی سی سی نے نوٹس لے لیا، قومی کپتان کو سزا کا خدشہ ہے۔ سرفراز احمد ضابطے کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے تو انہیں سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد جنوبی افریقہ کے خلاف 5 ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں شکست کو سامنے دیکھ کر زبان پر قابو نہ رکھ پائے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں مبینہ طور پر سرفراز احمد جنوبی افریقہ کے سیاہ فام کھلاڑی اینڈیلے پھیکوایو کے بارے میں تضحیک آمیز جملے ادا کر رہے ہیں، جس کے بعد کرکٹ شائقین انہیں آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں۔
سرفراز احمد کے مبینہ نسل پرستانہ جملے ان کے لیے مشکلات کا سبب بن سکتے ہیں۔ کیوں کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اس حوالے سے سخت مؤقف رکھتی ہے، سرفراز نسل پرستی کے مرتکب قرار پائے تو انہیں سزا ہوسکتی ہے۔ اینڈیلے پھیکوایو نے پانچویں وکٹ پر شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے دلوائی تھی۔