دبئی:(ویب ڈیسک) ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں دوسرے درجے کی بھارتی ٹیم کا ٹاپ پر موجود پاکستان سے فاصلہ مزید بڑھ گیا۔
آسٹریلیا سے شکست کے بعد ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں دوسرے درجے کی بھارتی ٹیم کا ٹاپ پر موجود پاکستان سے فاصلہ مزید بڑھ گیا، 2 پوائنٹس کٹوتی کے بعد بلو شرٹس کے پوائنٹس اب 122 رہ گئے جبکہ گرین شرٹس کے 135 پوائنٹس ہیں۔
اسی طرح بیٹسمینوں میں بابر اعظم بدستور نمبر ون پوزیشن سنبھالے ہوئے ہیں، 2 درجہ بہتری سے گلین میکسویل تیسرے نمبر پر پہنچ چکے، آئرلینڈ کیخلاف شاندار بیٹنگ کرنے والے افغانستان کے حضرت اللہ زازئی ایک ساتھ 31 درجے کی جست لگا کرساتویں پوزیشن پر آگئے،آسٹریلیا کے ڈی آرسی شارٹ 8 درجے بہتری سے آٹھویں نمبر پر پہنچ چکے،ان کی ترقی کے باعث فخرزمان اب تین درجے تنزلی کاشکار ہوکر نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
بولرز میں ایک ایک درجہ ترقی پاکر پاکستان کے اسپنرز شاداب خان اور عماد وسیم بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر آگئے فہیم اشرف کی نویں پوزیشن برقرار ہے۔ ٹاپ پر افغانستان کے راشد خان موجود ہیں۔
نئی رینکنگ میں ٹاپ فائیو آل راؤنڈرز کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ آسٹریلیا کے گلین میکسویل پہلے، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دوسرے، افغانستان کے محمد نبی تیسرے، بنگلہ دیش کے محمود اللہ چوتھے اور اسکاٹ لینڈ کے بیرنگٹن بدستور پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔
ٹیموں کی رینکنگ میں پاکستان کا پہلی پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے جب کہ بھارت دوسرے، آسٹریلیا تیسرے، جنوبی افریقہ چوتھے، انگلینڈ پانچویں، نیوزی لینڈ چھٹے، ویسٹ انڈیز ساتویں، افغانستان آٹھویں، سری لنکا نویں اور بنگلہ دیش دسویں نمبر پر ہے۔