کراچی: (دنیا نیوز) پی ایس ایل 4 فائنل کا ٹاکرا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان آج ہوگا جس کے لیے شائقین پُرجوش ہیں۔
ٹرافی رونمائی کے بعد دونوں کپتانوں نے میڈیا سے گفتگو کی اور پی ایس ایل فائنل کے لیے اظہار خیال کیا۔ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو یہاں فائدہ ہوگا، کوشش کریں گے کہ پہلے بیٹنگ کریں تو بڑا اسکور بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ اچھی ٹیم ہے لیکن ہمارے پاس بھی اچھے کھلاڑی ہیں، شین واٹسن ہمارے لیے پریشانی کا باعث نہیں بن سکتے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پورے ایونٹ میں ہماری ٹیم اچھا کھیلی ہے اب ہم تیسری مرتبہ فائنل کھیلنے جارہے ہیں اور کامیابی کے لیے پرامید ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹاس میچ کے نتیجے پر اثر انداز ہوگا جب کہ 190 رنز اسکور کرنے والی ٹیم کو برتری حاصل ہوسکتی ہے۔
فائنل سے قبل میوزیکل کنسرٹ ہوگا، کنسرٹ کے لیے اسٹیج کی تیاری کا کام مکمل کرلیا گیا، تقریب کے لیے 68 فٹ لمبا اسٹیج تیار کیاگیا ہے ، کنسرٹ میں معروف فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے، آئمہ بیگ،ابرار الحق، فواد خان اور جنون گروپ اسٹیج پر جلوہ گر ہوں گے ،انٹرنیشنل فٹبال اسٹار کارل پائیول بھی تقریب کا حصہ بنیں گے۔
فائنل اور اختتامی تقریب میں اہم ترین شخصیات کی شرکت متوقع ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ،وزیراعظم عمرن خان اور چیف آف دی آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی آمد کا امکان ہے۔