لاہور: (دنیا نیوز) ورلڈ کپ اور دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کی نقاب کشائی کر دی گئی، کپتان سمیت 17 کھلاڑی ورلڈ کپ کے لیے روانہ ہونگے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ قومی ٹیم کا دستہ 15 رکنی پلیئرز پر مشتمل ہوگا۔ محمد عامر، محمد عباس، محمد رضوان، عثمان شنواری، شان مسعود، یاسر شاہ اور محمد نواز ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے ہیں۔ اوپنرز کی ذمہ داری امام الحق، فخر زمان کے ساتھ عابد علی ادا کریں گے، ون ڈاؤن کی پوزیشن بابر اعظم سنبھالیں گے۔
پاور ہٹر کے طور پر منتخب کیے جانے والے آصف علی بھی ٹیم کے ہمراہ جہاز کا ٹکٹ کٹوائیں گے جبکہ مڈل آرڈر کا بوجھ سینئر بیٹسمین محمد حفیظ، حارث سہیل، شعیب ملک، سرفراز ادا کریں گے۔ فٹنس ٹیسٹ میں ناکام رہنے والے آل راؤنڈر عماد وسیم کو بورڈ کی ’’سٹیلبشمنٹ ‘‘ نے ٹیم میں منتخب کرا لیا، دوسرے سپنر کی ذمہ داری شاداب خان نبھائیں گے۔
باؤلنگ کے شعبے کو توانا کرنے کے لیے 4 فاسٹ باؤلرز کو منتخب کیا گیا ہے۔ اٹیکنگ باؤلنگ میں شاہین شاہ آفریدی، جنید خان، حسن علی کے ساتھ پی ایس ایل کے ینگ ٹیلنٹ محمد حسنین کو رکھا گیا ہے۔ پی ایس ایل 4 میں شاندار کارکردگی دکھانے والے فہیم اشرف بھی گوروں کے دیس میں کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔
منتخب ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان) فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، محمد حفیظ، حارث سہیل، شعیب ملک، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، عابد علی، آصف علی اور محمد حسنین شامل ہیں۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سرفرازاحمد ٹیم کی قیادت کریں گے، ورلڈکپ سکواڈ ٹیم کا اعلان کرنا اعزازکی بات ہے، انشا اللہ قومی کرکٹ ٹیم جیت کر آئے گی، ورلڈکپ کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ہے۔ قومی ٹیم کا اعلان انتظامیہ کی مشاورت سے کیا گیا ہے، قومی ٹیم کل اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کرے گی۔ محمد حفیظ اور شعیب ملک کی ٹیم میں شمولیت فٹنس سے مشروط ہے۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے بلے باز ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کے 5 ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی۔ دوسری طرف گرین شرٹس انگلینڈ روانگی کا شیڈول بھی طے کر لیا گیا ہے، ٹیم 22 اور 23 اپریل کی رات لندن روانہ ہو گی، شاہین 5 سے 19 مئی تک انگلینڈ کے مد مقابل ہونگے جبکہ ورلڈ کپ میں پہلا ٹاکرا 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے ساتھ ہے۔