اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم سے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور کرکٹ بورڈ حکام نے ملاقات کی ہے۔ جس میں عمران خان کو ورلڈ کپ کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ میں قومی جذبے اور جیت کی لگن سے کھیلیں، پوری قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں، اپنی صلاحیتوں سے پاکستان کا نام روشن کریں، دنیا کے سامنے ملک و قوم کی نمائندگی کرنا آپ کے لیے بڑا اعزاز ہے۔
عمران خان نے کھلاڑیوں کو 1992 کے ورلڈ کپ تجربات سے بھی آگاہ کیا۔ ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں چئیرمین کرکٹ بورڈ احسان مانی، چیف سلیکٹر انضمام الحق، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔
یادر ہے گزشتہ روز ورلڈکپ اور دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کیا گیا، قومی سکواڈ سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان، امام الحق، عابد علی، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، جنید خان، محمد حسنین اور حارث سہیل پر مشتمل ہے۔
قومی سلیکشن کمیٹی نے محمد عامر اور آصف علی کو انگلینڈ کیخلاف سیریز کیلئے منتخب کرلیا جو 2 اضافی کھلاڑیوں کی حیثیت سے 17 رکنی ٹیم کے ساتھ انگلینڈ جائیں گے البتہ کارکردگی کی بنیاد پر ان کی 15 رکنی ورلڈ کپ سکواڈ میں شمولیت کا چانس موجود ہے۔