کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعظم پاکستان عمران خان 18 اپریل کو کوئٹہ پہنچیں گے، جہاں وہ ہزار گنجی واقعہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ملاقات اور امن وامان سے متعلق اجلاس کی صدارت کریں گے۔
وزیر اعظم پاکستان دورے کے دوران امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے جہاں انھیں صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی جائیگی۔ وزیر اعظم پاکستان صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیں گے جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی جائیگی۔
عمران خان وزیر اعظم پاکستان ہاوسنگ سکیم کا افتتاح بھی کریں گے، سکیم کے تحت صوبے کے لئے ایک لاکھ 25 ہزار گھروں کا منصوبہ ہے۔ صوبائی دارلحکومت کوئٹہ کے لئے وحدت کالونی اور کچلاک 45 میں ہزار سے زائد گھر دئیے جائیں گے جبکہ گوادر تربت اور دیگر اضلاع میں بھی عوام کو گھر دینے کا منصوبہ ہے، بلوچستان میں عمران خان کا بطور وزیر اعظم یہ تیسرا دورہ ہوگا۔